یوتھ اور طلبہ رہنماؤں کا نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ
نوجوان نسل سے ہی ملک کی خوشحالی اور مستقبل وابستہ ہے: رانا وحید شہزاد مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ
ترقی و خوشحالی کیلئے تعلیمی بجٹ میں اضافے کی ضرورت ہے:شیخ فرحان عزیز مرکزی صدر ایم ایس ایم
لاہور (21 مئی 2024) منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ الائنس کی نومنتخب قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ تقریب میں یوتھ اور طلبہ جماعتوں کے قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز و دیگر رہنماؤں نے نیشنل یوتھ الائنس کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔ مہر صدام حسین پڈھیار (جنرل سیکریٹری نیشنل یوتھ الائنس) تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر نوجوان رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی تمام یوتھ اور طلبہ تنظیمیں نوجوانوں کو بہترین تعلیمی سہولتیں دلوانے، بے روزگاری سے نکالنے، اور انکے مستحکم مستقبل کے لئے مل کر جدو جہد کریں گی۔ یوتھ رہنماؤں نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے نیشنل یوتھ الائنس کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد بھی کی جائیگی۔ انتہا پسندی، کرپشن، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے متحدہو کر کام کیا جائے گا۔
مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ راناوحیدشہزادنے شرکاء کاتقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا اور نیشنل یوتھ الائنس کے منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کیلئے بہتر نہیں سوچنا تو ہمارا حال، ماضی اور مستقبل کبھی بہتر نہیں ہو سکتے۔ نوجوان ہمارے مستقبل کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان نسل سے ہی ملک کی خوشحالی اور مستقبل وابستہ ہے۔ ہمارا فرض ہے آنے والی نسلوں کیلئے بہترین منصوبہ بندی کریں، نوجوان کے بہتر مستقبل کیلئے پالیسی بنا کر اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانا چاہیے تاکہ اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان فرق صرف تعلیم کا ہے، اگر ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونا ہے تو تعلیم کی مد میں بجٹ میں اضافے اور توجہ کی ضرورت ہے تاکہ تعلیمی اداروں کے کردار کو موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے فقدان کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ تعلیم کے جذبے کو پروان چڑھانے کیلئے تعلیمی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے تعلیم کو فروغ دینا ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تین دہائیوں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں فروغ تعلیم اور طلبہ کی کردار سازی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کا 5 فی صد تعلیم کو دیا جائے۔
تقریب میں مسلم لیگ یوتھ ونگ(ق)، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن،انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، اہلحدیث یوتھ فورس، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، عوامی یوتھ موومنٹ، اہلحدیث سٹوڈنٹس فورس، پاکستان یونائٹڈ یوتھ، انصاف یوتھ آرگنائزیشن، جے یو آئی یوتھ(س) کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ